ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مودی حکومت گاندھی جی کے نظریات کو مٹانے میں مصروف :حاجی سراج مہندی

مودی حکومت گاندھی جی کے نظریات کو مٹانے میں مصروف :حاجی سراج مہندی

Sat, 14 Jan 2017 11:59:47  SO Admin   S.O. News Service

لکھنؤ، 13؍جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کھادی ولیج انڈسٹریز کمیشن (کے وی آئی سی )کی طرف سے ہر سال شائع کئے جانے والے کیلنڈر اورٹیبل ڈائری میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کی تصویر اور چرخے کی جگہ پر اس سال 2017کے کیلنڈ ر اور ڈائری کے کور پیج پر بابائے قوم کی جگہ وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر شائع کرنے پر کانگریس پارٹی نے سخت اعتراض کیا ہے۔اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے اقلیتی شعبہ کے چیئرمین اور سابق ایم ایل سی حاجی سراج مہندی نے جاری بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی مسلسل ملک میں گاندھی جی کے نظریات کو ہٹا کر آر ایس ایس کے نظریات کو مسلط کرنے کا کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس نظریے کے تحت گاندھی جی نے ہندوستانیوں سے کھادی اپنانے کی اپیل کی تھی ، آج گاندھی جی کے اسی نظریہ کو مرکز کی مودی حکومت ختم کرنے میں لگی ہوئی ہے۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ مرکز کے اقتدار پر قابض ہونے کے بعد مودی حکومت کی طرف سے صفائی مہم کے تحت گاندھی جی کی تصویر کو ہٹا کر صرف ان کے چشمہ کو دکھایا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد مسلسل گاندھی جی کے خیالات اور ان کے نظریات کے مخالف کاموں میں لگی ہوئی ہے جسے ملک کی عوام کبھی قبول نہیں کرے گی۔وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی آزادی کی تحریک کے دوران مجاہدین آزادی کی طرف سے پروان چڑھائے گئے اقدار اورآزادی کے ہیرو رہے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی وراثت کو مٹانے میں لگی ہوئی ہیں جسے کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مہندی نے خبردار کیا ہے کہ اگر کھادی ولیج انڈسٹریز کمیشن کی طرف سے شائع کئے جانے والے کیلنڈر اور ڈائری کے کور پیج سے وزیر اعظم کی تصویر نہیں ہٹائی گئی اور ہر سال کی طرح گاندھی جی کی تصویر نہیں شائع کی گئی تو کانگریس عوامی تحریک چلانے کے لیے مجبور ہو گی ۔


Share: